Behaviors & Attitudes, Social, پاکستان, اخلاقیات, سیاست

Bara Hosla Chahiye

بڑا حوصلہ چاہئے

بڑا حوصلہ چاہئے۔۔۔
بڑا جگرا چاہئے۔۔۔
قصور کی بے قصور زینب کے اغوا کی سی سی ٹی وی ویڈیو دیکھنے کے لئے۔۔۔
ایک معصوم سی جیتی جاگتی گڑیا۔۔۔
اور ایک بھیڑیا۔۔۔
بھیڑیے کے ہاتھ میں۔۔۔
گڑیا کی انگلی۔۔۔
گڑیا کی بے فکری کو دیکھ کر محسوس ہوتا ہے بھیڑیا اس کا کوئی واقف ہے۔۔۔
سی سی ٹی وی نے بس اتنا ہی دکھایا۔۔۔

اس کے بعد ایک تصویر ہے۔۔۔
جسے دیکھنے کے لئے بھی۔۔۔
بڑا حوصلہ چاہئے۔۔۔
بڑا جگرا چاہئے۔۔۔۔
کچرے کے ڈھیر پر پڑی معصوم سی گڑیا کی روندی ہوئی لاش۔۔۔

اور اس سب کے بیچ۔۔۔۔
بڑا حوصلہ چاہئے۔۔۔
اس سب کے بیچ گزرے۔۔۔۔
ان دیکھے مناظر کو چشم تصور سے دیکھنے کے لئے۔۔۔

گڑیا بھیڑیے کے ساتھ بڑے اطمینان سے چلی گئی۔۔۔
اور پھر بھیڑیے نے گڑیا کے ساتھ بڑے اطمینان سے۔۔۔۔

پورے چار دن گڑیا لاپتہ رہی۔۔۔
بھیڑیا چار دن تک بھنبھوڑتا رہا ہو گا۔۔۔

بڑا حوصلہ چاہئے۔۔۔۔
وہ آوازیں سننے کے لئے۔۔۔
جو کسی سی سی ٹی وی فوٹیج میں نہ ریکارڈ ہو سکیں۔۔۔
ویسے بھی سی سی ٹی وی کی ریکارڈنگ میں آواز کہاں ہوتی ہے۔۔۔
کتنا چیخی ہو گی۔۔۔
کتنا تڑپی ہو گی۔۔۔۔
کتنا مچلی ہو گی۔۔۔۔
کتنا روئی ہو گی۔۔۔۔
کتنا سسکی ہو گی۔۔۔۔
کتنا چلائی ہو گی۔۔۔۔
امی ی ی ی ی ی ی۔۔۔۔
ابوووووووووووووو۔۔۔۔
کتنا درد۔۔۔۔
کتنا کرب۔۔۔
سہا ہو گا۔۔۔
کرب اور درد جیسے الفاظ اس قابل کہاں۔۔۔
کہ وہ بوجھ اٹھا سکیں۔۔۔
جو گڑیا نے سہا ہو گا۔۔۔
پورے چار دن۔۔۔۔

جن کی اولاد نہیں، وہ بھی لرز گئے۔۔۔
اور جو صاحب اولاد ہیں۔۔۔۔
خاص کر جو بیٹیوں والے ہیں۔۔۔
ان کی حالت نہ پوچھئے۔۔۔

کہ بیٹیاں تو سانجھی ہوتی ہیں۔۔۔

اور۔۔۔
بڑا حوصلہ چاہئے۔۔۔
اس طرح کے بیانات جاری کرنے کے لئے۔۔۔
جو ارباب اختیار نے جاری کئے۔۔۔
کسی کو مسلے ہوئے پھول سے بد بو آ رہی ہے۔۔۔
تو کوئی مشورہ دے رہا ہے کہ بچوں کو گھروں میں رکھنا چاہئے۔۔۔
اور کوئی کہہ رہا ہے کہ لاش پر سیاست نہ کیجئے۔۔۔

لیکن اے صاحبان اقتدار!
جان لیجئے۔۔۔
عوام کا حوصلہ اب جواب دیتا جا رہا ہے۔۔۔
عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا جا رہا ہے۔۔۔

زبانی جمع خرچ کے بجائے عملاً کچھ کر دکھائیے۔۔۔
اور بہت جلد کر دکھائیے۔۔۔
بھیڑئیے کو پکڑ کے دکھائیے۔۔۔
انصاف کے تقاضے فی الفور پورے کیجئے۔۔۔
اور سر عام کسی چوک پہ ٹانگ دیجئے۔۔۔

لیکن۔۔۔
اس کو یکدم پھانسی نہ دے دیجئے گا۔۔۔
پھانسی سے پہلے۔۔۔
اس کی چیخیں سنوا دیجئے۔۔۔
اس کا تڑپنا دکھا دیجئے۔۔۔۔
اس کا مچلنا دکھا دیجئے۔۔۔۔
اس کی سسکیاں سنوا دیجئے۔۔۔
اس کا چلانا دکھا دیجئے۔۔۔
اس کو اسی درد سے گزار دیجئے۔۔۔
اس کو اسی کرب سے گزار دیجئے۔۔۔۔

پلیز۔۔۔
جلدی سے وہ وقت وہ گھڑی وہ لمحہ لے آئیے۔۔۔
یقین جانئے۔۔۔
اس وقت کا انتظار کرنے کے لئے بھی۔۔۔
بڑا حوصلہ چاہئے۔۔۔۔

Behaviors & Attitudes, Pakistan, Politics, Social, پاکستان, سیاست

Politician’s Marriages

سیاست دانوں کی شادیاں

جنگ جیو اور نونیوں کے مزے آ گئے ہیں۔
خوب چٹخارے لئے جا رہے ہیں کہ عمران خان نے ایک اور شادی کر لی۔
عمران خان شادی کرے یا طلاق دے ہر دو صورتوں میں مخالفین کی مراد بر آتی ہے۔ سب اپنی زبانوں کو دھار لگا کے میدان میں کود پڑتے ہیں۔
خیر۔۔۔
اپنی اپنی زبان ہے پیارے۔۔۔!

جنگ جیو اور نونیوں کے تبصروں کے حساب سے شادی ایک نہایت قبیح عمل اور غلیظ فعل معلوم ہوتی ہے۔ تو بھائی اگر یہ اتنا ہی گھناؤنا عمل ہے تو پھر ذرا اپنا لیپ ٹاپ یا اسمارٹ فون اٹھائیے اور گوگل پر اپنے ہر دلعزیز لیڈر شہباز شریف کا پروفائل چیک کیجئے۔۔۔ چلئے اور شارٹ کر کے بتا دیتا ہوں، سرچ بار میں شہباز شریف اسپاؤسز  لکھ کے سرچ کر لیجئے۔ کر لیا آپ نے قارئین!؟

آپ کے سامنے ایک پیج اوپن ہوا ہو گا جس پر شہباز شریف کی بیگمات کے نام آ رہے ہوں گے۔

ذرا گنتی کیجئے گا کتنی بیگمات ہیں؟

ایک، دو ، تین ، چار ، پانچ۔

یس س س س!

شہباز شریف ابھی تک پانچ شادیاں کر چکے ہیں۔

پانچوں بیگمات کے نام یہ ہیں:

نصرت شہباز ، عالیہ ہنی، نرگس کھوسہ، تہمینہ درانی اور کلثوم حئی۔

-قارئین! اسی پیج پر کے عنوان سے ایک اور لنک بھی نظر آئے گا آپ کو۔
shahbaz sharif 5 wives story and reality
http://www.awamipolitics.com/shahbaz-sharif-5-wives-story-a
اس لنک پر کلک کیجئے تو شہباز میاں کی شادیوں کی مزید تفصیلات معلوم ہوں گی۔

-قارئین! ان تفصیلات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کون کون سی شادیاں خفیہ طور پر کی گئیں۔ اور جنگ جیو اورنونیوں کے حساب سے خفیہ شادی ایک اور جرم ہے۔

-اچھا اب ذرا شہبازمیاں کی عمر اور شادیوں کی تاریخ بھی دیکھ لیجئے۔

وکیپیڈیا کے مطابق شہباز شریف 23 ستمبر 1951 کو پیدا ہوئے۔

ان کی پہلی شادی بیگم نصرت شہباز سے ہوئی، سال ہے 1973۔ اس وقت ان کی عمر تھی 22 برس۔

دوسری شادی انہوں نے عالیہ ہنی سے کی، سال ہے 1993۔ گویا اس وقت ان کی عمر تھی 42 برس۔

تیسرا نکاح انہوں نے اسی سال یعنی1993 میں فرمایا نرگس کھوسہ سے ، عمر وہی 42 برس۔

ایک عشرے کے بعد انہیں ایک اور شادی کا خیال آیا اور یوں 2003 میں انہوں نے تہمینہ درانی سے شادی کی، 52 برس کی عمر میں۔ واضح رہے کہ تہمینہ درانی کی بھی یہ تیسری شادی تھی اور شہباز میاں کی اہلیہ بننے سے قبل وہ غلام مصطفیٰ کھر کی اہلیہ ہونے کے باعث تہمینہ کھر کہلاتی تھیں۔

مزید کوئی ایک عشرے کے بعد شہباز میاں کا ایک اور شادی کا جی چاہا۔۔۔ اور یوں انہوں نے 2012 میں کلثوم حئی سے پانچویں شادی رچائی، اس وقت ان کی عمر 61 برس کے لگ بھگ تھی۔ کلثوم حئی کی بھی یہ دوسری شادی تھی۔

اوہوہوہوہوہوہوہو!

بڑھاپے میں شادی تو ایک اور جرم ہے۔

ہے ناں؟

-اچھا اب ذرا ان کی کلثوم حئی سے شادی کی تفصیل بھی گوگل پر سرچ کر لیجئے ۔ کلثوم حئی شہباز میاں کے نکاح (قبضے؟) میں آنے سے قبل سابق ڈی سی او اکاڑہ طارق قریشی کی بیوی تھیں۔ مذکورہ بالا لنک کے مطابق شہباز میاں نے کلثوم حئی سے درخواست (؟) کی تھی کہ اپنے موجودہ شوہر سے طلاق لے لو ۔ انہوں نے رضامندی (؟) ظاہر کی اور طلاق لے لی۔ یوں شہباز میاں نے ان سے شادی کر لی۔

قارئین!
اگر آپ کو لگتا ہے کہ کہانی ختم ہو گئی تو آپ غلطی پر ہیں۔ شہباز کی اب تک کی “پرواز” کے حساب سے ان کی اگلی شادی 2022 میں ہونے کا قوی امکان بنتا ہے، اگر ان کی عمر نے وفا کی۔

یہاں یہ وضاحت بھی ضروری ہے کہ بیگم نصرت شہباز کا انتقال ہو چکا جبکہ عالیہ ہنی کو انہوں نے طلاق دے دی تھی۔ بقیہ تین بیگمات ان کے نکاح میں ہیں۔
گویا شہباز میاں کے پاس۔۔۔
ایک لائف لائن۔۔۔
ابھی باقی ہے۔

قارئین!
اگر آپ کو ابھی بھی لگتا ہے کہ کہانی ختم ہو گئی تو آپ ابھی بھی غلطی پر ہیں۔

-ذرا شہباز میاں کے فرزند ارجمند حمزہ شہباز شریف کو بھی گوگل کر لیجئےگا۔

آگے کیا ہوا؟
وہ میں بعد میں بتاؤں گا۔
ابھی اس بک میں …
بہت سارے پیجز باقی ہیں۔۔۔ 

Behaviors & Attitudes, Pakistan, Politics, Social

Panama Leaks-Poetry

۔۔۔۔ پانامہ لیکس ۔۔۔۔

خارش پاگل کر دیتی ہے

پیچش پاگل کر دیتی ہے

مکھن ہوش بھلا دیتا ہے

پالش پاگل کر دیتی ہے

ڈالر پونڈ ریال دِرَم کی

بارش پاگل کر دیتی ہے

کرسی پہ قابض رہنے کی

خواہش پاگل کر دیتی ہے

ہر عہدہ ہو میرے تابع

نازش پاگل کر دیتی ہے

جج صاحب اور جرنیلوں سے

رنجش پاگل کر دیتی ہے

قسمت والو! قسمت ہی کی

گردش پاگل کر دیتی ہے

پاؤں تلے، یا  کرسی تلے ہو

جنبش پاگل کر دیتی ہے

کھاتے وقت یہ ہوش کہاں تھا

بندش پاگل کر دیتی ہے

مجرم کو اقبال ہی بہتر

مالش پاگل کر دیتی ہے

کس نے پہنائے یہ جھمکے

پرسش پاگل کر دیتی ہے

لے آئے خط اک، قطری کا

پوزش پاگل کر دیتی ہے

کیلیبری یہ بتلاتا ہے

دانش پاگل کر دیتی ہے

قصر وزارت کیوں چھڑوایا

آتش پاگل کر دیتی ہے

پاجامہ کہ پانامہ ہو

لغزش پاگل کر دیتی ہے

افسانے کا حاصل یہ ہے

پیچش پاگل کر دیتی ہے