Hajj Umrah, عمرہ

Umrah Package…15 days or 20 days?

عمرہ پیکیج ۱۵ دن یا ۲۰ دن؟

عمرہ سیزن آج کل زوروں پر ہے۔ لوگ جوق در جوق حرمین شریفین کا رخ کر رہے ہیں۔
عمرہ زائرین کے لیے ہمارا مشورہ ہے کہ 15 روزہ پیکیج کے بجائے 20 روزہ پیکیج لیجیے۔ خاص طور سے وہ زائرین جو پہلی مرتبہ اس مبارک سفر کا ارادہ رکھتے ہیں۔ یاد رکھئے 15 روزہ پیکیج ناکافی ہے۔

* پندرہ روزہ عمرہ پیکیج ناکافی کیوں*

عام طور پر معتمرین اپنے وطن سے براستہ جدہ مکہ مکرمہ جاتے ہیں۔ مکہ مکرمہ میں دو ڈھائی دن قیام کے بعد مدینہ منورہ روانہ ہو جاتے ہیں۔ اور مسجد نبوی ﷺ میں چالیس نمازوں کی فضیلت حاصل کرنے کے لیے آٹھ نو دن مدینہ منورہ میں قیام کرتے ہیں۔ اس کے بعد پھر مکہ مکرمہ آتے ہیں اور وہی دو ڈھائی دن قیام کے بعد براستہ جدہ وطن واپسی۔

یہ بھی یاد کھئے کہ 15 روزہ پیکیج میں روانگی اور آمد کا دن دونوں شامل ہیں۔ نیز ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ آپ کی روانگی کی فلائٹ شام کے وقت ہو اور وطن واپسی کی فلائٹ صبح کی۔ ایسی صورت میں آپ کا پیکیج چودہ ساڑھے چودہ دن کا ہی رہ جائے گا۔ اس کے بعد مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ روانگی اور واپسی میں بھی تقریباً آدھا آدھا دن صرف ہو جاتا ہے۔

اس کے علاوہ جدہ ایئر پورٹ پر آمد کے وقت امیگریشن اور پھر وہاں سے مکہ مکرمہ کے سفر میں کئی گھنٹے مزید صرف ہو جاتے ہیں۔ وطن واپسی کے وقت تو فلائٹ سے آٹھ دس گھنٹہ قبل مکہ مکرمہ سے جدہ روانہ کر دیا جاتا ہے۔

اس تمام تفصیل کے بعد آپ خود سمجھ سکتے ہیں کہ مکہ مکرمہ میں آپ کو محض خواب جتنا ہی قیام کا وقت مل پائے گا۔ اس دوران مکہ مکرمہ میں دو عمرے اور زیارات بھی کرنی ہوں گی۔ بعد میں بہت قلق ہو گا کہ کاش مکہ مکرمہ میں کچھ وقت اور مل جاتا۔

اب یہ آپ کے اختیار میں ہے کہ یا تو مکہ مکرمہ میں محض چار پانچ دن کے قیام پر صبر کر لیجیے یا اگر مکہ مکرمہ میں کچھ زیادہ دن قیام کرنے کی خواہش ہو تو پھر مسجد نبوی ﷺ کی 40 نمازوں کی فضیلت کے حصول پر سمجھوتہ کر لیجیے۔

اس لیے میرا بصد اصرار یہ مشورہ ہے کہ عمرہ زائرین 15 روزہ پیکیج کے بجائے 20 روزہ پیکیج لیجیے۔ خاص طور سے وہ زائرین جو پہلی مرتبہ اس مبارک سفر کا ارادہ رکھتے ہیں۔

*فائدہ:*

☜ حرم مکی و حرم مدنی دونوں جگہ اطمینان سکون کے ساتھ بھرپور قیام کا موقع مل جائے گا۔

☜ مسجد نبوی ﷺ میں چالیس نمازوں کی فضیلت بھی حاصل ہو جائے گی۔

☜ مکہ مکرمہ میں بھی کثرت سے طواف کی سعادت مل جائے گی۔

☜ حرم مکی کی ہر نیکی کا ثواب ایک لاکھ کے برابر۔ ڈھیروں اجر و ثواب کمانے کے مواقع۔

☜ طائف کی میقات جعرانہ سے مزید عمرہ کی سعادت۔

☜ حرمین شریفین میں تین نماز جمعہ کی ادائیگی کی سعادت۔

☜ زیادہ قیام کا مطلب زیادہ سے زیادہ آب زم زم پینے کا موقع۔

*میں نے اب تک جتنے عمرہ پیکیجز دیکھے ہیں ان میں 15 دن کے بجائے 20 دن کے پیکیج میں رقم کا فرق محض چار پانچ ہزار روپے کا پایا۔ حرمین شریفین میں قیام کے درج بالا فضائل کے مقابلے میں یہ چار پانچ ہزار روپے کی رقم کچھ بھی نہیں۔* (واضح رہے کہ یہاں ایک نارمل عمرہ پیکیج کی بات ہو رہی ہے۔)

اگر آپ کی جیب یا مصروفیات 20 روزہ پیکیج کی بجائے 15 روزہ پیکیج ہی کی متحمل ہو سکتی ہیں تو پھر درج بالا معروضات کی روشنی میں مدینہ منورہ میں قیام کے ایام پر نظر ثانی کر لیں۔

*آخر میں ایک ضمنی مشورہ*

میں نے 2016 میں کراچی۔مدینہ منورہ۔کراچی فضائی سفر کیا اور خاصا آسان اور بہتر پایا۔ جدہ ایئر پورٹ مکہ مکرمہ سے دو گھنٹے کی مسافت پر ہے۔ دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں اس کا شمار ہوتا ہے۔ اور جیسا کہ اوپر عرض کیا کہ مکہ مکرمہ سے حاجی کو آٹھ دس گھنٹے پہلے جدہ کے لیے روانہ کر دیا جاتا ہے۔ اس کے برعکس مدینہ ایئر پورٹ شہر کے مضافات میں ہے۔ آدھے گھنٹے میں ایئرپورٹ سے ہوٹل تک پہنچ جاتے ہیں اور واپسی میں ہوٹل سے ایئرپورٹ۔ کافی وقت بچ جاتا ہے۔ مدینہ منورہ ایئر پورٹ پر ایئر ٹریفک بھی زیادہ نہیں ہے۔ امیگریشن میں بھی کافی سہولت رہتی ہے۔

2 thoughts on “Umrah Package…15 days or 20 days?”

  1. مفید معلومات
    کیا عمرہ پیکج میں یہ سہولت نہیں ہوتی کہ جائیں تو جدہ ائیرپورٹ اور واپسی کے لئے مدینہ منورہ کا انتخاب کریں؟؟

    میں نے 2015 میں حج ادا کیا ہے الحمد للہ تو ہماری واپسی مدینہ سے ہوئی تھی ۔۔یعنی پیکج کے آخری 8 یا 9 ایام مدینہ میں بسر ہوئے

    1. جی بالکل۔۔۔ ایسا بھی کیا جا سکتا ہے۔۔۔ یعنی آمد جدہ ایئرپورٹ پر اور روانگی مدینہ منورہ ایئر پورٹ سے کی جا سکتی ہے۔

Leave a comment